پشاور میں انٹیلی جنس آپریشن، افغان دہشت گرد گرفتار
سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران یہ کامیابی حاصل کی۔
پشاور میں انٹیلی جنس آپریشن، افغان دہشت گرد گرفتار
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی پولیس عباس احسن اور سیکرٹری اطلاعات ایریا ڈویلپمنٹ سیکٹر محمود جان نے گرفتاری کی تصدیق کی۔
ایڈیشنل آئی جی پولیس عباس احسن نے بتایا کہ گرفتار ملزم کی شناخت خارجی حکمت اللہ عرف حمزہ ولد نور محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ان کے مطابق سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران یہ کامیابی حاصل کی۔
عباس احسن کا کہنا تھا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے، جس میں صوبے، قوم اور بالخصوص پشتون عوام نے بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ پاکستان نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا ہے اور آئندہ بھی یہ جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے سرحد پار افغان سرزمین استعمال ہوتی رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گرفتار ملزم کی گرفتاری دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں میں ایک اہم پیش رفت ہے۔