قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس،ایم ڈی کیٹ 3 سال کیلئے مؤثر کرنے پر عملدرآمد نہ ہونے کا گلہ

اضافی فیس کے معاملے پر کالجز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، تاہم رجسٹریشن منسوخ کرنا آخری آپشن ہوتا ہے-صدر پی ایم ڈی سی

November 11, 2026 · قومی
قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس،ایم ڈی کیٹ 3 سال کیلئے مؤثر کرنے پر عملدرآمد نہ ہونے کا گلہ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے صحت کا اجلاس،ایم ڈی کیٹ 3 سال کیلئے مؤثر کرنے پر عملدرآمد نہ ہونے کا گلہ

چیئرمین کمیٹی ڈاکٹر مہیش کمار نے وزیر صحت مصطفیٰ کمال سے استفسار کیا کہ ایم ڈی کیٹ امتحان کو تین سال تک مؤثر رکھنے کے فیصلے پر تاحال عملدرآمد کیوں نہیں ہوا
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بتایا کہ وزارتِ صحت اس کی منظوری دے کر کابینہ کو بھجوا چکی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ سیکریٹری کابینہ ڈویژن کو بھی اس حوالے سے باضابطہ لکھ دیا جائے
اجلاس میں نجی میڈیکل کالجز کی فیسوں کا معاملہ بھی اٹھا۔ وزیر صحت کا کہنا تھا کہ جن کالجز نے فیس بڑھائی ہے، وہ بمشکل 25 لاکھ روپے تک گئے ہوں گے
کمیٹی کی رکن ڈاکٹر شازیہ سومرو نے کہا کہ 25 لاکھ سے زائد فیس لینے والے 45 اداروں کی فہرست پی ایم ڈی سی کو دی جا چکی ہے۔ ان کے مطابق طلبہ شکایت کر رہے ہیں کہ کالجز چھ لاکھ روپے اضافی مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے تجویز دی کہ ایسے کالجز کی رجسٹریشن منسوخ کی جائے
صدر پی ایم ڈی سی نے بتایا کہ اضافی فیس کے معاملے پر کالجز کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے ہیں، تاہم رجسٹریشن منسوخ کرنا آخری آپشن ہوتا ہے
چیئرمین کمیٹی نے گزشتہ دو سال کی نجی میڈیکل کالجز کی معائنہ رپورٹس طلب کر لیں، اور پوچھا کہ معائنہ کس طرح کیا جاتا ہے اور اب تک کیا قانونی کارروائی ہوئی۔
وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے بریفنگ میں بتایا کہ 65 اداروں نے پی ایم ڈی سی کو مؤقف دیا کہ ان کے اخراجات زیادہ ہیں، جن میں سے 35 کالجز نے اخراجات کی تفصیلات بھی فراہم کیں۔ ان 35 کالجز کو 18 سے 21 لاکھ روپے تک فیس لینے کی اجازت دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ کئی ادارے عدالتوں سے حکمِ امتناعی لے آئے تھے، جو اب ختم ہو چکا ہے۔
اجلاس میں مختلف جامعات کے وائس چانسلرز نے ایم ڈی کیٹ امتحان کے انعقاد پر کمیٹی کو بریفنگ دی۔ اس موقع پر تجویز پیش کی گئی کہ آئندہ امتحان میں طلبہ کو سوالیہ پرچہ ساتھ دیا جائے، جس کی چیئرمین کمیٹی نے بھی حمایت کی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ رواں سال کے ایم ڈی کیٹ سیشن میں تین سال تک مؤثر رکھنے کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
چیئرمین کمیٹی نے وزارتِ صحت میں متعدد سیکریٹریز کی تبدیلی پر بھی گلہ کیا۔ اس پر وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے جواب دیا کہ اس معاملے پر وہ بھی آپ کی طرف بیٹھے ہیں۔