ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی، غازی آباد تھانے کے 78 اہلکار معطل
متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ معطلی کے احکامات پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
لاہور کے علاقے غازی آباد میں ایک پولیس اہلکار پر ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کے الزام کے بعد پولیس نے محکمانہ سطح پر بڑے پیمانے پر کارروائی کرتے ہوئے ایس ایچ او سمیت تھانے کے تمام اہلکاروں کو معطل کر دیا ہے۔
پولیس کے مطابق ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے رات گئے تھانہ غازی آباد کا دورہ کیا اور واقعے سے متعلق کارروائی میں تاخیر اور اعلیٰ افسران کو بروقت آگاہ نہ کرنے پر سخت نوٹس لیا۔
حکام نے ایس ایچ او شہریار کو معطل کرکے ان کی جگہ علی زیب دستگیر کو نیا ایس ایچ او تعینات کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ متعدد سب انسپکٹرز، اے ایس آئیز، ہیڈ کانسٹیبلز، فرنٹ ڈیسک عملے، محرر اور دیگر اہلکاروں سمیت تھانے کے تمام عملے کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق متعلقہ اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ معطلی کے احکامات پر عمل درآمد بھی شروع کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ چند روز قبل ایک اے ایس آئی پر ذہنی معذور لڑکی سے مبینہ زیادتی کا الزام سامنے آیا تھا، جس کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم اہلکار کو گرفتار کر لیا تھا۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔