وزیراعظم پارلیمان کا اعتماد کھو چکے، نئے انتخابات کرائے جائیں،بیرسٹر گوہر
پی ٹی آئی چیئرمین نے قومی حکومت، نئے انتخابات اور سسٹم ری سیٹ کا مطالبہ کیا
فائل فوٹو
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ وزیراعظم اعتماد کا ووٹ کھو بیٹھے ہیں، اس لیے موجودہ سسٹم لپیٹ کر نئے انتخابات کی طرف جایا جائے۔
اڈیالہ جیل کے قریب داہگل ناکہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں قومی حکومت کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام کے لیے مزید حکومتیں نہ بنائی جائیں بلکہ الیکشن کی طرف جایا جائے، کیونکہ موجودہ نظام میں وزیراعظم اعتماد کھو بیٹھے ہیں۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وزیر داخلہ نے سوال اٹھایا جبکہ اہم حکومتی اتحادی نے بھی وزیراعظم کو دھاندلی زدہ قرار دیا۔ ان کے مطابق ہر جمہوری نظام میں ایسی صورتحال میں وزیراعظم سب سے پہلے اعتماد کا ووٹ لیتا ہے، لیکن وزیراعظم نے فوری طور پر اسمبلی کا اجلاس بلا کر اعتماد کا ووٹ حاصل نہیں کیا، جس میں وہ ناکام رہے، اس لیے حکومت بھی اب نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ڈھانچہ آئینی، قانونی، اصولی اور جمہوری لحاظ سے کولیپس کر چکا ہے کیونکہ اتحادی نے سوال اٹھایا اور وزیراعظم اعتماد کا ووٹ نہیں لے سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد کا ایک طریقہ کار ہے، جس کے لیے مخصوص تعداد درکار ہوتی ہے اور اس حوالے سے اتحادیوں سے مشاورت کی جائے گی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ وہ پیپلز پارٹی کو بھی دھاندلی زدہ سمجھتے ہیں اور ان کا مؤقف ہے کہ موجودہ صورتحال قومی مفاد میں نہیں ہے۔
انہوں نے نئے صوبوں کے حوالے سے کہا کہ یہ ایک عوامی مطالبہ رہا ہے، تاہم ان کے خیال میں موجودہ ایوان کے پاس اس معاملے پر آگے بڑھنے کا استحقاق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے عوامی مطالبات پر وسیع اتفاق رائے ضروری ہے اور اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ سسٹم کو ری سیٹ ہونا چاہیے، تاہم یہ بھی دیکھنا ہوگا کہ اسے ڈیفالٹ موڈ پر کس نے پہنچایا۔