شادی کرنے والی خواتین کے لیے سونے کا تحفہ

ریاستی اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ میں عوامی فلاح، تعلیم، کھیلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعدد اہم منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔

August 6, 2026 · بام دنیا

نئی دہلی: بھارتی ریاست تمل ناڈو کی حکومت نے اپنے مالی سال 2026 کے بجٹ میں نئی شادی کرنے والی خواتین کے لیے خصوصی فلاحی منصوبے کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت انہیں سونے کا سکہ اور ریشمی ساڑھی بطور تحفہ فراہم کی جائے گی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاستی اسمبلی میں پیش کیے گئے بجٹ میں عوامی فلاح، تعلیم، کھیلوں اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے متعدد اہم منصوبوں کا اعلان کیا گیا۔

ریاستی وزیر خزانہ نے بتایا کہ حکومت کی “برادرز گفٹ اسکیم” کے تحت مستحق نئی دلہنوں کو 8 گرام سونے کا سکہ اور ایک ریشمی ساڑھی دی جائے گی۔ اس منصوبے کے لیے بجٹ میں 812 کروڑ بھارتی روپے مختص کیے گئے ہیں۔

بجٹ میں کھیلوں کے شعبے کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ حکومت نے ریاست بھر میں 10 اولمپک سینٹرز آف ایکسی لینس قائم کرنے کے لیے 5.50 کروڑ روپے مختص کیے ہیں، تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کی جا سکے۔

اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ کے لیے بھی اہم ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ 2031 تک انجینئرنگ کالجوں، پولی ٹیکنک اداروں اور صنعتی تربیتی مراکز (آئی ٹی آئیز) میں زیر تعلیم تقریباً پانچ لاکھ طلبہ کو مصنوعی ذہانت سے متعلق جدید مہارتوں کی تربیت دی جائے، تاکہ انہیں مستقبل کی ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ بنایا جا سکے۔