گوگل کے چیف سائنسدان جیف ڈین مستعفی،نئی اے آئی کمپنی بنانے کا اعلان

سنجے گھیموات، اوریول ونیالس اور کوک لے کے ساتھ مل کر "ڈسکوری لوپ" (Discovery Loop) کے نام سے ایک نئی اے آئی کمپنی شروع کر رہے ہیں

August 6, 2026 · بام دنیا

کیلیفورنیا: گوگل کے چیف سائنسدان اور کمپنی کے ابتدائی ملازمین میں شامل جیف ڈین نے تقریباً 27 سال بعد گوگل سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے مصنوعی ذہانت کے شعبے میں نئی کمپنی قائم کرنے کا اعلان کر دیا۔

جیف ڈین نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر بتایا کہ وہ سنجے گھیموات، اوریول ونیالس اور کوک لے کے ساتھ مل کر “ڈسکوری لوپ” (Discovery Loop) کے نام سے ایک نئی اے آئی کمپنی شروع کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئی کمپنی ایک پبلک بینیفٹ کارپوریشن کے طور پر کام کرے گی، جس کا مقصد مشین لرننگ، سائنس اور انجینئرنگ میں جدید خودکار نظام متعارف کرا کے سائنسی تحقیق اور نئی دریافتوں کی رفتار تیز کرنا ہے۔

جیف ڈین نے اپنے پیغام میں گوگل میں گزرے تقریباً تین دہائیوں پر مشتمل سفر کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کمپنی کو چند درجن ملازمین سے دنیا کی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں تبدیل ہوتے دیکھا۔ انہوں نے اپنے ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر استعمال ہونے والی متعدد اہم مصنوعات کی تیاری میں حصہ لینا ان کے لیے باعثِ فخر رہا۔

دوسری جانب گوگل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سندر پچائی نے اعلان کیا کہ گوگل “ڈسکوری لوپ” میں بانی سرمایہ کار کے طور پر شامل ہوگا۔ انہوں نے جیف ڈین اور ان کے ساتھیوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

جیف ڈین 1999 میں اس وقت گوگل کا حصہ بنے تھے جب کمپنی میں صرف 30 ملازمین کام کر رہے تھے۔ اپنے طویل کیریئر کے دوران انہوں نے گوگل سرچ، ویب انڈیکسنگ، سرچ انفراسٹرکچر اور بعد ازاں جیمنی سمیت گوگل کی جدید مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجیز کی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب گوگل مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سخت عالمی مسابقت کا سامنا کر رہا ہے، جبکہ حالیہ عرصے میں کئی ممتاز اے آئی ماہرین بھی مختلف ٹیکنالوجی کمپنیوں میں منتقل ہو چکے ہیں۔