محسن نقوی کے بیان کو زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے: وزیراعلیٰ سندھ
وزیراعلیٰ سندھ کا مائننگ کانفرنس سے خطاب،تھر کول منصوبوں اور معدنی شعبے میں سرمایہ کاری پرزور
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سسٹم کو ناکام کہنے والے ایک بار تھر گھوم لیں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وزیر داخلہ محسن نقوی کے بیان کو زیادہ اہمیت نہیں دینی چاہیے۔
کراچی میں مائننگ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے بنانے کا طریقہ آئین میں درج ہے، جبکہ سسٹم کو ناکام کہنے والے ایک بار تھر کا دورہ کرلیں۔
مائننگ ٹیکنیکل کانفرنس سے خطاب میں وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ پاکستان کی تاریخ کی پہلی اور ایک سنگ میل کانفرنس ہے، جس میں انڈسٹری، اکیڈمیا اور ٹیکنالوجی کے تین اہم ستون ایک پلیٹ فارم پر اکٹھے ہوئے ہیں۔ ان کے مطابق کانفرنس کا مقصد بین الاقوامی بہترین طریقوں سے سیکھنا اور جدت کو فروغ دینا ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان بے پناہ معدنی دولت سے مالا مال ہے، تاہم اس شعبے کی بڑی صلاحیتیں ابھی تک مکمل طور پر استعمال نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ معدنیات کے شعبے کی ترقی کے لیے سرمایہ کاری، جدید ٹیکنالوجی اور بہتر پالیسی ماحول ناگزیر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 2008 میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت جدید مائننگ فریم ورک متعارف کرایا گیا۔ ان کے مطابق تھر کول میں اس وقت دو بڑے بلاکس پیداوار دے رہے ہیں، جو مجموعی طور پر تقریباً 2640 میگاواٹ بجلی پیدا کر رہے ہیں، جبکہ تھر کول سے بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو 3 ہزار میگاواٹ تک بڑھایا جائے گا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے مزید کہا کہ تھر کے بلاکس سے سالانہ 15 ملین ٹن سے زائد کوئلہ پیدا کیا جا رہا ہے، جبکہ مقامی کوئلے کے استعمال سے ملک کو سالانہ 1.5 ارب ڈالر کے متبادل ایندھن کی بچت ہو رہی ہے۔
“`