کراچی شفیق موڑ پر اسسٹنٹ کمشنر کا چھاپہ، مبینہ پتھراؤ کرنے والوں پر پولیس کا تشدد

واقعے کے بعد پولیس نے مبینہ پتھراؤ اور مزاحمت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی، جبکہ علاقے میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

August 8, 2026 · جرم وسزا

کراچی کے علاقے شفیق موڑ پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کے دوران کشیدگی پیدا ہوگئی، جہاں مبینہ حملے میں ایس ایچ او حیدری مارکیٹ انسپکٹر عدیل احمد زخمی ہوگئے۔

ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ کمشنر نہا شاہ پولیس نفری کے ہمراہ نیو کوئٹہ حاجی آغا ہوٹل پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچیں تو مبینہ طور پر ہوٹل مالکان سے وابستہ افراد نے پولیس پارٹی پر ڈنڈوں سے حملہ کردیا۔

مبینہ حملے کے نتیجے میں ایس ایچ او حیدری مارکیٹ انسپکٹر عدیل احمد کے ہاتھ میں فریکچر ہوگیا، جنہیں طبی امداد کے لیے ضیاء الدین اسپتال منتقل کردیا گیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے مبینہ پتھراؤ اور مزاحمت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی، جبکہ علاقے میں کشیدگی کی صورتحال پیدا ہوگئی۔

دوسری جانب ہوٹل مالکان کی جانب سے مبینہ طور پر بڑے ڈمپرز اور کنٹینرز سڑک پر کھڑے کرکے شفیق موڑ کی دونوں سڑکیں بند کردی گئیں، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی۔

واقعے کے بعد علاقے میں پولیس کی نفری تعینات ہے جبکہ صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔