پی ٹی آئی لانگ مارچ کے لیے پی پی پی سے بھی رابطے کاامکان

سلمان اکرم راجا، جنید اکبر، عامر ڈوگر اور عاطف خان سمیت وفد ملاقاتیں کرے گا

August 8, 2026 · قومی

فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اعلان کردہ لانگ مارچ کے سلسلے میں اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کیا ہے،  حکمران اتحاد میں شامل پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) سے بھی رابطے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی سینئر قیادت کی جانب سے پیپلزپارٹی سے بھی رابطے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں 14 اگست کے بعد پی ٹی آئی کا وفد اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں کرے گا۔

ذرائع نے بتایا کہ سلمان اکرم راجا، جنید اکبر، عامر ڈوگر، عاطف خان سمیت 7 ارکان اپوزیشن جماعتوں سے ملاقاتیں کریں گے۔

ذرائع کے مطابق اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کے حوالے سے خیبرپختونخوا کی سطح پر بھی رابطے کیے جائیں گے، جبکہ مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی اور مولانا فضل الرحمان سے بھی ملاقات کریں گے۔

یاد رہے کہ پی ٹی آئی نے دو روز قبل پشاور میں منعقدہ جلسے میں 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف مارچ کا اعلان کیا تھا۔ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا تھا کہ اگر عمران خان سے ملاقاتیں شروع نہ ہوئیں، ذاتی معالج سے علاج نہ کرایا گیا اور عدالتوں میں مقدمات نہ سنے گئے تو 27 ستمبر کو اسلام آباد کا رخ کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں عدالتوں پر کوئی امید نہیں رہی، 26 ویں اور 27 ویں ترامیم کے بعد عدالتیں مفلوج ہوچکی ہیں۔ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے ہر آئینی اور قانونی راستہ اپنایا گیا، مگر ہماری بات نہیں سنی گئی۔