جازان میں آرامکو ریفائنری کی تنصیب میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا

آگ اتوار کی صبح ایک صنعتی تنصیب میں بھڑکی، جس کے بعد آرامکو کے صنعتی سکیورٹی فائر ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

August 9, 2026 · بام دنیا

جازان: سعودی عرب کے علاقے جازان میں آرامکو ریفائنری سے وابستہ ایک تنصیب میں لگنے والی آگ پر کامیابی سے قابو پا لیا گیا ہے، جبکہ واقعے میں کسی جانی نقصان یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

سعودی وزارتِ توانائی کے مطابق آگ اتوار کی صبح ایک صنعتی تنصیب میں بھڑکی، جس کے بعد آرامکو کے صنعتی سکیورٹی فائر ڈیپارٹمنٹ نے فوری کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔

حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کے نتیجے میں کسی شخص کی جان نہیں گئی اور نہ ہی کوئی فرد زخمی ہوا۔ متعلقہ اداروں کی جانب سے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، تاہم فی الحال آگ لگنے کی اصل وجہ سامنے نہیں آسکی۔

جازان میں آرامکو کی تنصیبات خطے میں جاری کشیدگی کے دوران پہلے بھی حملوں کا سامنا کر چکی ہیں۔ حالیہ ہفتوں میں علاقے کی توانائی تنصیبات کے حوالے سے سکیورٹی خدشات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس سے قبل رائٹرز نے رپورٹ کیا تھا کہ جولائی کے دوران حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کے جازان اور ینبع کے علاقوں میں تیل سے متعلق تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

حکام کے مطابق موجودہ واقعے میں آگ کو بروقت قابو کر لیا گیا اور صورتحال اس وقت کنٹرول میں ہے۔