برازیل اور امریکا میں دو ہیلی کاپٹر حادثات، 6 افراد ہلاک
ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔
ریو ڈی جنیرو: برازیل اور امریکا میں پیش آنے والے دو مختلف ہیلی کاپٹر حادثات میں مجموعی طور پر 6 افراد جان کی بازی ہار گئے۔
برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں ایک ہیلی کاپٹر جنگلاتی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 4 افراد ہلاک ہوئے۔
فائر بریگیڈ حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر گرنے کے بعد جائے حادثہ پر آگ بھڑک اٹھی، جس پر قابو پانے کے لیے امدادی ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔ حادثہ معروف سیاحتی مقام وسٹا چائنیسا کے قریب پیش آیا۔
حکام کے مطابق حادثے کا شکار ہونے والا ہیلی کاپٹر ایک نجی کمپنی کے زیرِ انتظام تھا جو سیاحوں کو فضائی سیر کی سہولت فراہم کرتی تھی۔
کولمبیا کی قونصل جنرل ڈیانا پائز نے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 افراد کے کولمبین سیاح ہونے کا امکان ہے، تاہم لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث شناخت کے عمل میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ریسکیو اہلکاروں کو بھی جائے حادثہ تک پہنچنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ ہیلی کاپٹر گھنے اور دشوار گزار جنگلاتی علاقے میں گرا تھا۔
دوسری جانب امریکا کی ریاست یوٹاہ میں جنگلات کی آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوگیا، جس میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہوگئے۔
امریکی حکام کے مطابق ہیلی کاپٹر فشلَیک نیشنل فاریسٹ میں لگی جنگلاتی آگ پر قابو پانے کے مشن میں شامل تھا۔ حادثے کے بعد علاقے میں ایک نئی آگ بھڑک اٹھی جو بعد میں پہلے سے جاری جنگلاتی آگ میں شامل ہوگئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ دونوں آگ کے ملنے کے بعد متاثرہ رقبہ تقریباً 174 مربع میل یعنی 451 مربع کلومیٹر تک پھیل گیا ہے۔ امریکا کے مغربی علاقوں میں بھی متعدد مقامات پر جنگلات کی آگ بدستور جاری ہے۔