لانگ مارچ کا مقصد عمران خان تک رسائی ہے، فوری رہائی نہیں:وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
عمران خان کی رہائی آئین اور قانون کے مطابق ہی ہوگی۔
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو ہونے والا لانگ مارچ محض ایک روزہ سرگرمی نہیں ہوگا، اسلام آباد پہنچنے کے بعد واپس جانے کا ارادہ نہیں رکھتے۔
نجی ٹی وی کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ لانگ مارچ کا بنیادی مقصد بانی پی ٹی آئی عمران خان کی فوری رہائی نہیں بلکہ ان تک رسائی حاصل کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی رہائی آئین اور قانون کے مطابق ہی ہوگی۔
سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال ماضی کے مقابلے میں مختلف ہے، جبکہ حکومت کے اتحادیوں کے درمیان بھی اختلافات موجود ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا کے نوجوان لانگ مارچ کے لیے تیار ہیں اور وہ خود بھی مارچ میں سب سے آگے ہوں گے۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 27 ستمبر کی تاریخ موسم اور لانگ مارچ کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مقرر کی گئی ہے۔ ان کے مطابق تاریخ طے کرنے سے قبل تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنماؤں سے مشاورت بھی کی گئی۔
سہیل آفریدی نے امید ظاہر کی کہ 27 ستمبر سے قبل حکومت کی جانب سے مذاکرات یا رابطے کی کوشش کی جائے گی تاکہ سیاسی طور پر معاملات کا حل نکالا جا سکے۔
پیپلزپارٹی کے اپوزیشن اتحاد میں شامل ہونے کے امکان پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ اگر پیپلزپارٹی اپوزیشن اتحاد کا حصہ بنتی ہے تو ان کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔
انہوں نے ایک بار پھر واضح کیا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ صرف ایک دن تک محدود نہیں ہوگا۔ ان کے مطابق اسلام آباد پہنچنے کے بعد واپس جانے کے بجائے کارکنان اور نوجوانوں کے ساتھ آئندہ کا لائحہ عمل جاری رکھا جائے گا۔