ترکیہ، پاکستان اور سعودی دفاعی تعاون میں مصر کی شمولیت متوقع

پائیدار دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ جمعہ کو دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔

August 9, 2026 · بام دنیا

انقرہ: ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دفاعی تعاون کے معاہدے میں مصر کو بھی شامل کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترک وزیر خارجہ ہاکان فیدان نے بتایا کہ پائیدار دفاعی صلاحیتوں کے فروغ کے لیے ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گزشتہ جمعہ کو دفاعی معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔

ہاکان فیدان کے مطابق معاہدے میں مزید ایک ملک کی شمولیت متوقع ہے، جبکہ بعض تکنیکی معاملات طے ہونے کے بعد مصر کے اس تعاون کا حصہ بننے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔

ترک وزیر خارجہ نے مصر کو ترکیہ کا فطری شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پہلے ہی اتحادی سطح پر رابطے موجود ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصر کی شمولیت سے دفاعی تعاون کا دائرہ مزید وسیع ہوسکتا ہے، تاہم اس حوالے سے تکنیکی امور کو حتمی شکل دینا ابھی باقی ہے۔

ترکیہ، پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والا دفاعی تعاون خطے میں مشترکہ دفاعی صلاحیتوں، رابطہ کاری اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔