بھارتی فضائیہ کا ونگ کمانڈر حساس دفاعی معلومات افشا کرنے پر گرفتار

ایک خاتون دوست کے موبائل فون میں مبینہ طور پر ڈیٹا چوری کرنے والا سافٹ ویئر نصب کیا اور اس کے ذریعے حساس معلومات شیئر کیں۔

August 9, 2026 · بام دنیا

نئی دہلی: بھارتی فضائیہ کے ایک حاضر سروس ونگ کمانڈر کو مبینہ طور پر حساس دفاعی معلومات غیر متعلقہ شخص تک پہنچانے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق دہلی پولیس نے 44 سالہ ونگ کمانڈر کو 30 مئی کو حراست میں لیا تھا۔ حکام کے مطابق اس پر الزام ہے کہ اس نے اپنی سوشل میڈیا پر بننے والی ایک خاتون دوست کے موبائل فون میں مبینہ طور پر ڈیٹا چوری کرنے والا سافٹ ویئر نصب کیا اور اس کے ذریعے حساس معلومات شیئر کیں۔

رپورٹس کے مطابق گرفتار افسر اس وقت عدالتی تحویل میں تہاڑ جیل میں ہے، تاہم بھارتی حکام نے تاحال اس کی شناخت ظاہر نہیں کی۔

دہلی پولیس کی جانب سے معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، جبکہ یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ مبینہ طور پر افشا کی گئی دفاعی معلومات کی نوعیت کیا تھی اور یہ معلومات کس مقصد کے لیے استعمال کی گئیں۔

حکام کی جانب سے کیس کے دیگر ممکنہ پہلوؤں اور اس معاملے میں کسی مزید شخص کے ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات بھی کی جا رہی ہیں۔