علی پور میں 8 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش،امام مسجد گرفتار
ملزم مبینہ طور پر صفائی کا بہانہ بنا کر بچی کو مسجد کے واش روم کی جانب لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر بچی کو برہنہ کرکے زیادتی کی کوشش کی۔
علی پور:ضلع مظفرگڑھ کے علاقے علی پور میں مسجد کے اندر 8 سالہ بچی سے مبینہ زیادتی کی کوشش کے الزام میں امام مسجد کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سیت پور کی حدود میں موضع لتی میں پیش آیا۔ بچی کے والد نے پولیس کو بتایا کہ ملزم مبینہ طور پر صفائی کا بہانہ بنا کر بچی کو مسجد کے واش روم کی جانب لے گیا، جہاں اس نے مبینہ طور پر بچی کو برہنہ کرکے زیادتی کی کوشش کی۔
والد کے مطابق بچی کے شور مچانے پر ملزم موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ واقعے کی اطلاع ملنے پر مقامی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی اور مبینہ ملزم کو حراست میں لے لیا۔
پولیس کے مطابق زیر حراست شخص سے واقعے کے حوالے سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔
حکام کے مطابق واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے اور بچی کو قانونی و طبی کارروائی کے لیے متعلقہ مراحل سے گزارا جا رہا ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور شواہد کی روشنی میں قانونی کارروائی آگے بڑھائی جائے گی۔