آزاد کشمیر الیکشن کا تیسرا مرحلہ،باغ اور حویلی کے 4 حلقوں میں پولنگ شروع

پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔

August 10, 2026 · قومی

مظفرآباد: آزاد کشمیر کے عام انتخابات کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار انتخابی حلقوں میں پولنگ کا آغاز ہوگیا۔

الیکشن حکام کے مطابق پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔ تیسرے مرحلے میں ایل اے 14، ایل اے 15، ایل اے 16 اور ایل اے 17 کے ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

حکام کے مطابق چاروں حلقوں میں 4 لاکھ 60 ہزار سے زائد ووٹرز کے لیے پولنگ کا انتظام کیا گیا ہے، جبکہ مجموعی طور پر 82 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔

انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ ن اور پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدواروں کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق پونچھ اور سدھنوتی کے حلقوں میں انتخابات مؤخر کیے جا چکے ہیں۔

اس سے قبل پہلے مرحلے میں میرپور ڈویژن کی 13 نشستوں میں سے مسلم لیگ ن نے 9 جبکہ پیپلز پارٹی نے 4 نشستیں حاصل کی تھیں۔ دوسرے مرحلے میں مظفرآباد ڈویژن کی 9 اور مہاجرین کی 12 نشستوں پر پولنگ ہوئی، جہاں مسلم لیگ ن نے 15 اور پیپلز پارٹی نے 6 نشستوں پر کامیابی حاصل کی۔