آزاد کشمیر انتخابات،باغ اور حویلی میں ووٹنگ، ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے تجاوز کرگیا

چاروں حلقوں میں ووٹرز کی بڑی تعداد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہی ہے

August 10, 2026 · اہم خبریں

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے تیسرے مرحلے میں باغ اور حویلی کے چار حلقوں میں ووٹنگ کا عمل مجموعی طور پر پُرامن انداز میں جاری ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ غلام مصطفیٰ مغل کے مطابق چاروں حلقوں میں ووٹرز کی بڑی تعداد اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہی ہے اور ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے تجاوز کرچکا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولنگ کے دوران سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کی جانب سے موصول ہونے والی بعض شکایات کا متعلقہ حکام کے ذریعے موقع پر ہی ازالہ کیا گیا، جبکہ انتخابی عمل کی مسلسل نگرانی کی جارہی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر کے مطابق دھیرکوٹ میں ایک پولنگ اسٹیشن کے باہر ایک شہری حرکت قلب بند ہونے کے باعث جاں بحق ہوگیا، جس کے بعد ضروری کارروائی مکمل کی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ حویلی میں ایک شخص مبینہ طور پر پولنگ اسٹیشن سے انتخابی سامان لے کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔

پولیس نے انتخابی تھیلے اپنی تحویل میں لے کر دوبارہ متعلقہ پولنگ عملے کے حوالے کردیے، جس کے بعد وہاں ووٹنگ کا عمل جاری رہا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ انتخابی انتظامات کی نگرانی جاری ہے اور پولنگ کے دوران سامنے آنے والے مسائل کو قواعد و ضوابط کے مطابق حل کیا جارہا ہے۔