اردو یونیورسٹی کراچی کے سیکیورٹی انچارج پر حملہ،7پروفیسرز کو نوٹس،اساتذہ سراپا احتجاج
پروفیسرز کو دفعہ 160 کے تحت بیانات ریکارڈ کرانے کا نوٹس جاری کیا گیا
فائل فوٹو
کراچی میں وفاقی اردو یونیورسٹی گلشن کیمپس کے سیکیورٹی انچارج پر قاتلانہ حملے کے معاملے میں جامعہ کے 7 پروفیسرز کو نوٹس جاری کردیے گئے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ پروفیسرز کو واقعے سے متعلق دفعہ 160 کے تحت بیانات ریکارڈ کروانے کا نوٹس دیا گیا ہے۔ مقدمے میں کسی بھی پروفیسر کو نامزد نہیں کیا گیا۔دوسری جانب سیکیورٹی انچارج پر حملے میں 7 پروفیسرز کو شامل تفتیش کرنے پر اساتذہ نے احتجاج کیا ہے۔
اس دوران مظاہرین کا کہنا تھا کہ 7 پروفیسرز دونوں کیمپسز کی انجمنِ اساتذہ کے عہدیدار ہیں۔ پروفیسرز کئی ماہ سے تنخواہوں، ہاؤس سیلنگ اور پنشن کے لیے تحریک چلا رہے ہیں۔
احتجاج کرنے والے اساتذہ نے کہا کہ حقوق کی آواز اٹھانے والے پروفیسرز کو پھنسانے کی کوشش کی گئی ہے۔ 27 ماہ کی ہاؤس سیلنگ، تنخواہوں اور پنشن کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔