کراچی کے فارم ہاؤس پر انوکھی واردات، ایونٹ آرگنائزر 50 سے زائد خواتین کے موبائل فون لے اڑا

نوکری کا جھانسہ، 2 بسوں میں خواتین کو لایا گیا، ملزم فرار، پولیس نے بیانات قلمبند کر لیے

October 1, 2026 · اہم خبریں
کراچی کے فارم ہاؤس پر موبائل فون چوری کی واردات کے بعد متاثرہ خواتین تھانے میں موجود ہیں۔

کراچی کے فارم ہاؤس پر موبائل فون چوری کی واردات کے بعد متاثرہ خواتین تھانے میں موجود ہیں۔

کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں واقع ایک فارم ہاؤس پر ملازمت کا جھانسہ دے کر 50 سے زائد خواتین کے موبائل فون چوری کرنے کا انوکھا واقعہ پیش آیا ہے جہاں ملزم خواتین کو تقریب اور ٹریننگ کے بہانے لایا تھا۔ پولیس حکام اور دستیاب دستاویزات کے مطابق متاثرہ خواتین کو 2 بسوں میں سوار کر کے گڈاپ کے فارم ہاؤس پر لایا گیا تھا جہاں انہیں روزانہ 2 ہزار روپے اجرت اور کھانے کا فریب دے کر جمع کیا گیا تھا۔

فارم ہاؤس کے مینیجر اشعر انصاری نے اپنے بیان میں انکشاف کیا کہ فارم کی بکنگ وقاص نامی شخص نے کرائی تھی جبکہ تقریب کے دوران آصف یا سلمان نامی شخص ایک لڑکی کے ہمراہ وہاں موجود تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزمان نے یہ چال چلی کہ باس کی آمد کا بہانہ بنایا اور خواتین سے کہا کہ تقریر کے دوران فون بجنے سے خلل پڑ سکتا ہے، اس لیے تمام خواتین کے موبائل فونز ایک جگہ جمع کر کے ان پر رسیدیں لگا دی گئیں۔

ابتدائی اطلاعات اور پولیس کو دیے گئے متاثرہ خواتین کے بیانات کے مطابق، ملزم سلمان موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام قیمتی موبائل فونز ایک بیگ میں ڈال کر فرار ہو گیا۔ فارم ہاؤس مینیجر نے مؤقف اختیار کیا کہ انہیں بھی تقریب کی مقررہ ادائیگی نہیں کی گئی اور ملزمان نے دھوکہ دہی کا مظاہرہ کیا۔ واقعے کے بعد متاثرہ خواتین نے گڈاپ تھانے سے رجوع کیا جہاں پولیس نے فوری طور پر متاثرہ خواتین اور فارم ہاؤس مینیجر کے بیانات قلمبند کر کے واقعے کی باقاعدہ تفتیش شروع کر دی ہے اور بکنگ کرانے والے مرکزی ملزمان کی تلاش جاری ہے۔