اسحاق ڈار اور عباس عراقچی میں رابطہ: پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے دفاعی معاہدے پر گفتگو

مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اہم خد و خال بھی ایران کے وزیر خارجہ سے شیئر کیے۔

August 10, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے آج ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری تفصیلات کے مطابق اسحاق ڈار نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکی کے درمیان حال ہی میں طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے اہم خد و خال بھی ایران کے وزیر خارجہ سے شیئر کیے۔

وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق عباس عراقچی سے گفتگو میں اسحاق ڈار نے مکہ معاہدے کے ’ان مقاصد کی وضاحت کی جو سٹریٹیجک تعاون کو مضبوط بنانے اور علاقائی امن و سلامتی میں کردار ادا کرنے سے متعلق ہیں۔‘

بیان کے مطابق معاہدے کے اہم نکات سے آگاہ کرنے پر ایرانی وزیر خارجہ نے پاکستان کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کیا۔

وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور بین الاقوامی پیش رفت پر تبادلۂ خیال کیا، جس میں خاص طور پر خطے میں بدلتی ہوئی صورتحال اور امن و استحکام کے فروغ کی کوششوں پر توجہ مرکوز رہی۔‘