پنجاب ہی نہیں , سندھ کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں، مریم نواز

نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں داخلے کیلئے ہزاروں طلبا کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت اعتماد کا ثبوت ہے، وفد سے گفتگو

August 10, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

لاہور:وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔اس موقع پر آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے معیار تعلیم کیلئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے اقدامات کو سراہا۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس وفد نے نواز شریف سکول آف ایمیننس پراجیکٹ کو قابل تحسین قرار دیا۔ملاقات میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس وفد نے فروغ تعلیم کے لئے بھرپورتعاون کی پیشکش کی۔

وزیراعلیٰ مریم نوا زشریف نے آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی طرف سے محکمہ تعلیم پنجاب سے اشتراک کار کی پیشکش کا خیر مقدم کیا۔ ملاقات میں نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے نصاب کا پائلٹ پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ٹیچر ز کے لئے ڈیجیٹل ٹریننگ پروگرام، کیپسٹی بلڈنگ، ٹیچنگ گائیڈ اور دیگر امور میں معاونت کرے گا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب ہی نہیں بلکہ سندھ اوردیگر صوبوں کے لوگوں کی بھی خدمت کرنا چاہتی ہوں۔ کراچی اور سندھ کے لوگوں کی پریشانی بھی دل سے محسوس کرتی ہوں۔ نواز شریف اسکول آف ایمیننس میں داخلے کے لئے ہزاروں طلبا کی انٹری ٹیسٹ میں شرکت اعتماد کا ثبوت ہے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لوگ اب سرکاری سکول میں داخلوں کے لئے کوشاں نظر آتے ہیں۔

آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کے وفد نے فروغ تعلیم کے لئے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نواز شریف سکول آف ایمیننس کا معیار حیران کن حد تک اعلیٰ ہے۔