مال روڈ راولپنڈی پرفائرنگ کرنیوالا ملزم ہلاک،پی ٹی آئی کاکارکن نکلا،ریڈیو پاکستان

ملزم محمد حسین کے قبضے سے پارٹی پرچم ،اسلحہ،گولیاں اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں۔

August 11, 2026 · اہم خبریں, قومی

فائل فوٹو

راولپنڈی میں مال روڈ پر سیکورٹی فورسز کی فائرنگ سے ایک مسلح شخص مارا گیا۔ سرکاری ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ مرنے والا پی ٹی آئی کارکن تھا۔ یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کی قیادت سے رابطے میں تھا۔ 

اطلاعات کے مطابق راولپنڈی مال روڈ پر فلیشن مین ہوٹل کے قریب مسلح شخص نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔ بعض ابتدائی اطلاعات میں یہ بھی کہا گیا کہ فائرنگ ایک گاڑی پر تھی اور مسلح افراد موٹرسائیکل پر سوار تھے۔

ریڈیو پاکستان نے سیکورٹی ذرائع کے حوالے سے کہا کہ منگل کے روز سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مال روڈ راولپنڈی میں فائرنگ کرنے والے ملزم کو ہلاک کردیا۔

ریڈیو کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت ضلع خیبر کے رہائشی محمد حسین کے نام سے ہوئی ہے جو پی ٹی آئی کا سرگرم رکن تھا۔

سرکاری میڈیا نے کہا کہ ملزم محمد حسین کے قبضے سے پارٹی پرچم ، اسلحہ، گولیاں اور اہم دستاویزات بھی برآمد ہوئی ہیں اور اس حوالے سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

واقعے کے بعد مرنے والی کی تصویر بھی سامنے آئی ہے جس میں وہ پی ٹی آئی کی ٹوپی پہنے ہوئے ہے۔ اس کے قبضے سے ملنے والی اشیا کی تصویر بھی جاری کی گئی۔

کچھ گھنٹے بعد سوشل میڈیا پر محمد حسین کی پرانی ویڈیوز گردش کرنے لگیں جن میں وہ پی ٹی آئی کے احتجاج مظاہروں میں شریک ہے اور پتھراؤ کر رہا ہے۔

اس واقعے کے حوالے سے کئی دیگر دعوے بھی گردش کرتے رہے  لیکن آخری اطلاعات تک آئی ایس پی آر نے کوئی بیان جاری نہیں کیا تھا۔ ٹی وی اینکر غریدہ فاروق نے ایک ٹوئٹ میں کہا کہ “اس واقعے میں کوئی آرمی جوان شہید نہیں ہوا۔ صرف ایک شخص انتہائی معمولی زخمی ہے۔ خبر کی اس غلطی کیلئے معذرت۔” غریدہ نے اس سے پہلے یہ دعویٰ بھی کیا کہ تحریک انصاف کے ورکر نے جی ایچ کیو میں داخل ہونے کی کوشش کی۔

یاد رہے کہ پاک فوج کا جنرل ہیڈکوارٹرز اسی علاقے میں واقعہ ہے۔