پیٹرولیم ڈیلرز کا 15 اگست سے غیرمعینہ مدت تک پیٹرول پمپس بند کرنے کا اعلان
مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی ، چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن
فائل فوٹو
کراچی: پیٹرولیم ڈیلرز نے 15 اگست سے پیٹرول پمپس غیر معینہ مدت کے لیے بند رکھنے کا اعلان کردیا اور واضح کیا مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے کہا گیا کہ 15 اگست کی صبح 6 بجے سے غیرمعینہ مدت تک ملک بھر میں پیٹرول پمپس بند رہیں گے۔پیٹرول پمپس بند کرنے کا فیصلہ ملک بھر کے ڈیلرز کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے، مطالبات کی منظوری تک ہڑتال جاری رہے گی۔
چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن ملک خدا بخش نے کہا کہ صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے اور 14 ہزار ممبران کا دباؤ ہے، مطالبات پورے ہونے تک پیٹرول پمپس نہیں کھولیں گے۔
وائس چیئرمین پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن انور کمال نے بتایا کہ گزشتہ دو ہفتوں کے دوران حکومت کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع کے مارجن کے معاملے پر حکومت نے کیا پیش رفت کی، اس بارے میں بھی کچھ نہیں بتایا گیا۔