بلوچستان: بارودی مواد سے بھری گاڑی پھٹنے، فورسز کی کارروائی میں 18 دہشتگرد ہلاک

3 شہری جاں بحق، شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بہادر جوان زخمی ہوئے۔آئی ایس پی آر

August 12, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

راولپنڈی: بلوچستان کے علاقے سوراب میں بارودی مواد سے بھری گاڑی تیار کرنے کے دوران دھماکا ہوگیا جس کے نتیجے میں 8 دہشتگرد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے جبکہ فورسز نے تعاقب کے بعد مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے ذخیرہ کیے گئے دیگر بارودی مواد کے دھماکوں سے قریبی علاقے میں موجود 3 شہری بھی جاں بحق ہوگئے۔

واقعے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز اور بلوچستان پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی۔ فورسز اور پولیس نے دہشتگردوں اور ان کے سہولتکاروں کی تلاش کیلیے مشترکہ کلیئرنس آپریشن بھی شروع کردیا۔

آپریشن میں فورسز نے فرار ہونے والے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ سکیورٹی فورسز نے مؤثر کارروائی کرتے ہوئے مزید 10 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ان واقعات میں اب تک فتنہ الہندوستان سے وابستہ 18 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 2 بہادر جوان بھی زخمی ہوئے۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظور کردہ وژن ’عزم استحکام‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی۔