محسن نقوی کی ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی سے ملاقات

ملاقات میں محسن رضائی نے علاقائی معاملات میں پاکستان کی ’شمولیت اور سرگرمیوں‘ کا خیر مقدم کیا۔

August 12, 2026 · اہم خبریں, قومی

تہران:وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ایران کی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی سے ملاقات کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی مہر کے مطابق اس ملاقات میں محسن رضائی نے علاقائی معاملات میں پاکستان کی ’شمولیت اور سرگرمیوں‘ کا خیر مقدم کیا۔

ایران کی سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران، دونوں ممالک ایک دوسرے کے لیے سٹریٹیجک اہمیت رکھتے ہیں۔

امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران کے خلاف جنگ کے آغاز کے بعد پاکستان نے تہران اور واشنگٹن کے درمیان ثالث کے طور پر کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں دونوں ممالک کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدہ طے پایا تھا۔

امریکہ اور ایران نے 17 جون کو 14 نکاتی مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے تھے، جس کے تحت جنگ بندی کے ساتھ ساتھ جنگ کے مستقل خاتمے کے لیے مذاکرات کی غرض سے 60 روز کی مہلت مقرر کی گئی تھی، جو آئندہ ہفتے ختم ہو رہی ہے۔

شائع شدہ رپورٹس کے مطابق اسلام آباد ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان ثالثی کی کوشش کر رہا ہے تاکہ وہ کسی نئے معاہدے تک پہنچ سکیں، اور اسی مقصد کے تحت پاکستان کے وزیرِ داخلہ تہران کے دورے پر گئے ہیں۔