13 اگست کی رات بڑے سرپرائز کی تیاریاں، قوم کی نظریں زیرو پوائنٹ پر

مئی 2025 کی جنگ میں بھارت نے پاکستان کی مجموعی دفاعی صلاحیت کا محدود حصہ دیکھا

August 13, 2026 · امت خاص

اسلام آباد میں جشنِ آزادی کی تقریبات کے ساتھ ساتھ 13 اور 14 اگست کی درمیانی شب ایک بڑے اعلان یا دفاعی مظاہرے کی توقعات بھی بڑھ گئی ہیں۔ سوشل میڈیا اور مختلف حلقوں میں اس حوالے سے قیاس آرائیاں جاری ہیں کہ پاکستانی قوم کو جشنِ آزادی کے موقع پر کسی اہم دفاعی صلاحیت کی جھلک دکھائی جا سکتی ہے۔

7 مئی کو ڈی جی آئی ایس پی آر کی پریس کانفرنس کے دوران بھی جشنِ آزادی کے موقع پر قوم کو ایک بڑے سرپرائز دینے کا ذکر کیا گیا تھا۔ اس موقع پر کہا گیا تھا کہ مئی 2025 کی جنگ میں بھارت نے پاکستان کی مجموعی دفاعی صلاحیت کا محدود حصہ دیکھا، جبکہ 14 اگست کے موقع پر پاور پوٹینشل کی ایک مختصر جھلک دکھانے کی بات بھی سامنے آئی تھی۔

اسی اعلان کے بعد 14 اگست کے قریب پہنچتے ہی ممکنہ سرپرائز کے حوالے سے دلچسپی میں اضافہ ہوگیا ہے۔ مختلف قیاس آرائیوں میں جدید میزائل، ڈرون، لڑاکا طیارے یا کسی نئے دفاعی نظام کی نمائش کے امکانات زیرِ بحث ہیں، تاہم سرکاری طور پر اب تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ ممکنہ سرپرائز کیا ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے سیکٹر ایچ ایٹ میں یادگارِ فتح کے مقام پر خصوصی فوجی پریڈ کی تیاریاں بھی مکمل کرلی گئی ہیں۔ زیرو پوائنٹ کے قریب ہونے والی تقریبات میں پاکستانی قوم کے لیے مختلف خصوصی پروگرامز متوقع ہیں۔

یہ بھی یاد رہے کہ مئی 2025 کی پاک بھارت جنگ کے ایک سال مکمل ہونے پر بھارتی حکام کی جانب سے آپریشن سندور کے حوالے سے بھی بیانات سامنے آئے تھے۔

اب سب کی نظریں 13 اگست کی رات ہونے والی تقریبات پر مرکوز ہیں۔ اصل سرپرائز کیا ہوگا، اس بارے میں فی الحال حتمی طور پر کچھ کہنا ممکن نہیں۔ کیا پاکستان کسی نئے ہتھیار، میزائل، ڈرون، جدید جنگی طیارے یا کسی اور دفاعی صلاحیت کی جھلک دکھائے گا؟ اس کا جواب تقریب کے دوران ہی سامنے آئے گا۔