اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں گھروں کی مسماری شروع کردی،لبنانی میڈیا

مجدل زون، منصوری اور ان سے ملحقہ وادیوں میں متعدد رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔

August 13, 2026 · بام دنیا

بیروت: لبنان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں گھروں کو دھماکوں سے تباہ کرنے اور نذرِ آتش کرنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں۔

لبنانی میڈیا کے مطابق مجدل زون، منصوری اور ان سے ملحقہ وادیوں میں متعدد رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنایا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے نے بھی لبنانی خبر رساں ایجنسی کے حوالے سے بتایا ہے کہ منصوری کے علاقے میں اسرائیلی جنگی طیاروں نے دو فضائی حملے کیے۔

رپورٹس کے مطابق صور شہر سے بھی دھماکوں کی آوازیں سنائی دینے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ گزشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کی جانب سے منصوری کے رہائشیوں کو علاقہ خالی کرنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔

اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے حالیہ دورۂ جنوبی لبنان کے دوران علاقے میں اسرائیلی فوج کی موجودگی کو ضروری قرار دیا تھا۔ ان کے مطابق اسرائیلی فورسز علاقے میں موجود گھروں کو مسمار کر رہی ہیں۔

دوسری جانب لبنان کے وزیراعظم نواف سلام نے گھروں کی منظم مسماری پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

ادھر امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ واشنگٹن کو امید ہے کہ اسرائیل امریکی ثالثی میں طے پانے والے معاہدے کی شرائط پر عمل کرے گا، جس کے تحت جنوبی لبنان سے اسرائیلی افواج کا انخلا شامل ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ نے لبنان کی علاقائی سالمیت کی حمایت کا بھی اعادہ کیا ہے۔