پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے مذاکرات ناکام،پیٹرول پمپس بندکرنے کااعلان برقرار

وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ گزشتہ شب ہونے والے مذاکرات میں ماحول کشیدہ رہا

August 13, 2026 · قومی

فائل فوٹو

 پیٹرولیم ڈیلرز اور حکومت کے درمیان مذاکرات ناکام ہوگئے ہیں جس کے باعث ہفتہ 15اگست صبح 6بجے سے پیٹرولیم ڈیلرز کی غیر معینہ مدت کے لیے ملک گیر ہڑتال یقینی ہوگئی ہے۔

پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی کے چیئرمین ملک خدا بخش کی قیادت میں وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ گزشتہ شب ہونے والے مذاکرات میں ماحول کشیدہ رہا۔ پاکستان پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے وفد اور وزارتِ پیٹرولیم کے درمیان پانچ گھنٹے تک مذاکرات جاری رہے۔

پیٹرولیم ڈیلرز کی جانب سے دیے گئے 72 گھنٹے کے الٹی میٹم پر وفاقی وزیرِ پیٹرولیم نے ناپسندیدگی کا اظہار کیا۔

پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کے مطابق مذاکرات کے دوران حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یومیہ رد و بدل کے نظام میں تبدیلی سے انکار کر دیا جبکہ حکومت کی جانب سے ڈیلرز کے مارجن میں ایک روپے 34 پیسے اضافے پر بات کرنے کی یقین دہانی کروائی گئی، تاہم اس کی منظوری وفاقی کابینہ سے مشروط کی گئی ہے۔