سبز آزادی ڈرائیو کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ پشاورمیں مختلف سرگرمیوں کا انعقاد

شجرکاری ،کیک کاٹنے اور تحائف تقسیم کرنے کی تقریبات

August 13, 2026 · قومی

 

یومِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں سبز آزادی ڈرائیو 2026 کے تحت کنٹونمنٹ بورڈ پشاور کی جانب سے مختلف تعلیمی، سماجی اور صحت کے اداروں میں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر پشاور چوہدری بابر حسین نے مختلف اداروں کا دورہ کیا اور شجرکاری کے ساتھ ساتھ بچوں، خصوصی افراد اور مریضوں میں پودے اور تحائف تقسیم کیے۔

سبز آزادی ڈرائیو کے تحت کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے ری ہیبلیٹیشن سینٹر برائے خصوصی افراد کا دورہ کیا، جہاں شجرکاری مہم کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر خصوصی بچوں میں مفت پودے اور تحائف تقسیم کیے گئے ۔ ان کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کے لیے کیک کٹنگ کی تقریب بھی منعقد ہوئی۔

کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے خصوصی بچوں سے ملاقات ور ان کی حوصلہ افزائی کی۔انہوں نے کنٹونمنٹ پبلک سکولز میںطلبہ و طالبات کے ہمراہ شجرکاری کی ۔ بچوں میں مفت پودے اور تحائف تقسیم کیے گئے،اور یومِ آزادی کی مناسبت سے کیک بھی کاٹاگیا۔ اس موقع پر بچوں کو ماحول کی بہتری اور زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

سبز آزادی ڈرائیو کے سلسلے میں پاکستان سپورٹس بورڈ کا بھی دورہ ہوا۔ اس موقع پر بچوں اور نوجوانوں کے لیے مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی انعقاد کیا گیا، جن میں کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر نے خصوصی دلچسپی لی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔

مہم کے آخری مرحلے میں کنٹونمنٹ جنرل ہسپتال پشاور کا دورہ کیا گیا، جہاں مریضوں، بچوں اور دیگر افراد میں تحائف تقسیم ہوئے۔ اس موقع پر بھی کیک کٹنگ تقریب منعقد ہوئی اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا

کنٹونمنٹ ایگزیکٹو آفیسر چوہدری بابر حسین نے کہا ہے کہ سبز آزادی ڈرائیو 2026 کا مقصد یومِ آزادی کی خوشیوں کو معاشرے کے ہر طبقے، بالخصوص بچوں، خصوصی افراد، طلبہ اور مریضوں تک پہنچانے کے ساتھ ساتھ شجرکاری کے ذریعے صاف، سرسبز اور صحت مند ماحول کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانا صرف ایک دن کی سرگرمی نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے محفوظ اور بہتر مستقبل کے لیے ایک اجتماعی ذمہ داری ہے۔