کویت میں ’اہم تنصیبات‘پر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام، داعش کے 3 ارکان گرفتار
داعش سے منسلک دو کم عمر افراد کو گرفتار کیا ہے، انھیں ایک عبادت گاہ پر حملے کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کی تربیت دی گئی تھی۔
فائل فوٹو
کویت سٹی: کویت نے عالمی شدت پسند تنظیم داعش کے 3 ارکان کو اہل تشیع کی ایک مسجد اور ملک کی ’اہم تنصیبات‘ پر حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں گرفتار کیا ہے۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے ذریعے نے کہا کہ یہ افراد داعش کے ایک سیل سے تعلق رکھتے تھے اور ان میں کم عمر افراد بھی شامل تھے۔ ان کا مقصد مذکورہ مسجد اور ایسے مقامات کو نشانہ بنانا تھا جو ملک کی اہم تنصیبات شمار ہوتے ہیں۔
کویت کی وزارتِ داخلہ اس سے قبل اعلان کر چکی ہے کہ اس نے داعش سے منسلک دو کم عمر افراد کو گرفتار کیا ہے، انھیں ایک عبادت گاہ پر حملے کے لیے دھماکہ خیز مواد تیار کرنے کی تربیت دی گئی تھی۔
وزارت نے ایسے کویتی شہری کی گرفتاری کا بھی اعلان کیا تھا جو داعش کا رکن تھا اور ’اہم تنصیبات‘ پر حملے کے لیے ایک ڈرون تیار کر چکا تھا۔