پنجاب کے کالجز میں 2027 سے داخلے مکمل آن لائن ہوں گے

کاغذی فارم اور پراسپیکٹس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ داخلے سے متعلق فارم، پراسپیکٹس اور فیس کی ادائیگی سمیت تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جائیں گے۔

August 15, 2026 · قومی

پنجاب حکومت کی پیپر لیس پالیسی کے تحت صوبے کے کالجز میں داخلوں کا روایتی نظام ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ آئندہ سال سے کالجز میں داخلے آن لائن نظام کے ذریعے کیے جائیں گے۔

نئے نظام کے تحت طلبہ کو داخلے کے لیے کاغذی فارم اور پراسپیکٹس حاصل کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ داخلے سے متعلق فارم، پراسپیکٹس اور فیس کی ادائیگی سمیت تمام مراحل آن لائن مکمل کیے جائیں گے۔

محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد داخلوں کے عمل کو آسان، تیز اور شفاف بنانا ہے، جبکہ کاغذ کے استعمال میں کمی لاکر ماحول دوست پالیسی کو بھی فروغ دیا جائے گا۔

ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہر نے بتایا کہ رواں سال داخلوں کی فیس کو آن لائن نظام پر منتقل کیا گیا ہے۔ اگلے مرحلے میں داخلے کے پورے عمل کو ڈیجیٹل کرنے کی تیاری کی جارہی ہے۔

ان کے مطابق آن لائن نظام نافذ ہونے کے بعد طلبہ اور والدین کو داخلے کے لیے کالجز میں طویل قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں رہے گی اور وہ گھر بیٹھے داخلے کا عمل مکمل کرسکیں گے۔

محکمہ تعلیم کے اس اقدام کو پنجاب میں تعلیمی اداروں کے نظام کو ڈیجیٹل بنانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔