ایران کے جوہری تنازع کا حل صرف سفارت کاری ہے، چین

موجودہ کشیدگی ختم کرنے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہیں

October 28, 2026 · بام دنیا
ایران کے جوہری تنازع کا حل صرف سفارت کاری ہے، چین

ایران کے جوہری تنازع کا حل صرف سفارت کاری ہے، چین

نیویارک: چین نے ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق تنازع حل کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کی راہ ہموار کرنے پر زور دیا ہے۔

اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کے مستقل مندوب فوکانگ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ کشیدگی ختم کرنے اور خطے میں امن کی بحالی کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ضروری ہیں۔ ان کے مطابق امریکا کا جوہری معاہدے سے یکطرفہ طور پر الگ ہونا موجودہ صورتحال کی بنیادی وجوہات میں شامل ہے۔

چینی مندوب نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کی جانب سے ایرانی جوہری تنصیبات پر حملوں کے باعث بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی نگرانی کا عمل متاثر ہوا ہے۔

انہوں نے ایران پر زور دیا کہ وہ جوہری ہتھیار تیار نہ کرنے کے اپنے عزم پر قائم رہے، جبکہ دیگر ممالک کو بھی ایران کے پُرامن مقاصد کے لیے جوہری توانائی استعمال کرنے کے حق کا احترام کرنا چاہیے۔

فوکانگ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا کو ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے گریز کرنا چاہیے، کیونکہ دوبارہ جنگ چھڑنے کی صورت میں مشرق وسطیٰ کو مزید تباہی اور عدم استحکام کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔