میاں نواز شریف نے آزادکشمیر کےلئے بڑے پیکج کااعلان کردیا
ذرائع کے مطابق اجلاس میں آزادکشمیر کی مخصوص نشستوں اور وزیراعظم امیدوار پرمشاورت،اہم فیصلوں پر غورہوا
فائل فوٹو
مری میں آزاد کشمیر پارلیمانی بورڈ کے اجلاس کے بعد خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ اگر ہماری حکومت فتح کے باوجود ڈیلیور نہ کر سکی تو آزاد کشمیر کے عوام بجا طور پر ناراض ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف بطور وزیراعظم آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ فنڈز دیں تاکہ وہاں سڑکیں اور اسپتال تعمیر ہو سکیں۔ٹورازم انڈسٹری ترقی کرے اور روزگار کے مواقع پیدا ہو سکیں۔
وفاق میں شہباز شریف اور پنجاب میں مریم نواز کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے نواز شریف کا کہنا تھا کہ پنجاب کی سڑکیں اور اسپتال دیکھ کر آزاد کشمیر کے لوگوں کا بھی دل چاہتا ہے کہ ان کے پاس وہی سہولیات ہوں، ان کے بچے بھی لیپ ٹاپ اور سکالرشپ حاصل کریں ،وہاں بھی کسان کارڈ سمیت گھر بنانے کے لیے قرضے لوگوں کو ملنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاق اے جے کے حکومت کو ہیلی کاپٹر بھی فراہم کرے تاکہ وہ بروقت عوام تک رسائی حاصل کریں اور ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لے سکیں۔
نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ابھی آزاد کشمیر الیکشن کا تیسرا مرحلہ مکمل نہیں ہوا لیکن ہمیں دو مرحلوں میں ہی اللہ تعالی نے اکثریت سے نوازا ۔اب عوام کے اس اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی کوئی گنجائش نہیں۔
ازاد کشمیر میں پہلی بار ایسا ماحول بنا ہے جو ہم سب کے لیے پریشان کن ہے اور اس کی وجہ ماضی کی حکومتوں کا عوام کی توقعات پر پورا نہ اترنا ہے۔۔ہمیں خود بھی اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے۔
نواز شریف کا کہنا تھا کہ چند سال پہلے مسلم لیگ نون کی حکومت کو جو پاکستان ملا تھا اس کے مقابلے میں حوالات اکثر مختلف ہیں شہباز شریف نے بہت محنت کی ہے۔ہمیں پاکستان کو معاشی طور پر خود مختار بنانے اور ائی ایم ایف سے چھٹکارا حاصل کرنے کے لیے محنت کرنا ہوگی۔