اوکاڑہ میں موٹر سائیکل کی سروس کے بعد ادائیگی نہ کرنے والے پیرا اہلکاروں کو معمولی سزا
الزام ثابت ہوگیا، ایک ماہ کی تنخواہ کی کٹوتی کا حکم ۔
اوکاڑہ میں موٹر سائیکل سروس کی رقم ادا نہ کرنے کے معاملے میں پیرا فورس کے اہلکاروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ کٹوتی کی سزا دے دی گئی۔
ذرائع کے مطابق رینالہ خورد میں موٹر سائیکل دھلوانے کے بعد رقم کی ادائیگی نہ کرنے سے متعلق ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس کے بعد معاملے کی تحقیقات کی گئیں۔
تحقیقات کے دوران اہلکاروں پر عائد الزام درست ثابت ہوگیا، جس پر متعلقہ حکام نے دونوں اہلکاروں کے خلاف محکمانہ کارروائی کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ کاٹنے کا حکم جاری کردیا۔
حکام کے مطابق سرکاری ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے خدمات حاصل کرنے کے بعد ادائیگی نہ کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے، جس پر محکمانہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی گئی۔
واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی متعلقہ حکام سے کارروائی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ محکمانہ کارروائی کے بعد معاملے میں ملوث اہلکاروں کو مالی سزا کا سامنا کرنا پڑا ہے۔