خاران میں سکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن،7دہشتگرد ہلاک
کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں گولہ بارود، دیگر جنگی سامان، دو گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
بلوچستان کے ضلع خاران میں سکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے 7 مبینہ دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن خاران کے علاقے لجے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کارروائی کے دوران متعدد دہشتگردوں کے زخمی ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے ٹھکانوں سے جدید اسلحہ، بڑی مقدار میں گولہ بارود، دیگر جنگی سامان، دو گاڑیاں اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے مبینہ ٹھکانوں کو بھی تباہ کردیا گیا۔ ہلاک ہونے والے دہشتگرد خاران اور گردونواح میں لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان، ٹارگٹ کلنگ اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔
حکام کے مطابق بلوچستان میں دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی اداروں کا کہنا ہے کہ علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے اور دہشتگرد عناصر کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی۔