گڈز ٹرانسپورٹرز سے حکومتی مذاکرات کامیاب ، ہڑتال ختم کرنے کا اعلان

وفاقی وزرا نے ٹرانسپورٹرز کو مسائل کے حل کی یقین دہانی کرادی ہے،ملک شہزاد

August 16, 2026 · اہم خبریں, قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

 کراچی : حکومت اور گڈز ٹرانسپورٹرز کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد ٹرانسپورٹرز کی جانب سے جاری ہڑتال کو ختم کرنے کا اعلان کر دیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق فاقی حکومت اورٹرکوں کے مالکان کے  درمیان کئی روز سے جاری مذاکرات آج پھر ہوئے اور مذاکرات کامیاب ہو گئے۔ ٹرکوں کے مالکان کی ایوسی ایشن نے اپنی ہڑتال ختم کر دی۔

گورنر ہاؤس کراچی میں ہونے والے مذاکرات میں گورنر سندھ نہال ہاشمی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد نے شرکت کی۔

مذاکرات کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹرز ملک شہزاد نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی کے بعد ہڑتال 40 دن کے لیے مؤخر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 9 دن سے ملک گیر ہڑتال جاری تھی، جبکہ حکومت سندھ نے پارکنگ کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔

ملک شہزاد کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار پر بھی غور کرنے کے لیے 15 دن کا وقت مانگا ہے، جبکہ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے ٹول ٹیکس میں کمی کے لیے کمیٹی تشکیل دینے اور اس معاملے پر نظرثانی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے 10 وہیلر گاڑیوں کو مناسب وزن کی اجازت دینے کی یقین دہانی بھی کرائی ہے۔ بعض مسائل وفاقی اور صوبائی حکومت نے حل کر دیے ہیں، جبکہ دیگر معاملات کابینہ کی منظوری سے حل کیے جائیں گے، مختلف کمیٹیوں کے اجلاس جاری رہیں گے اور اگر یقین دہانیوں پر عمل نہ ہوا تو دوبارہ احتجاج کیا جا سکتا ہے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ٹرانسپورٹرز کے حل طلب مسائل پر پیش رفت ہوئی ہے اور باقی مطالبات کے لیے مختلف کمیٹیاں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی-حیدرآباد روڈ کسی بھی طرح موٹروے کہلانے کے قابل نہیں، جبکہ سکھر سے حیدرآباد اور کراچی تک نئی موٹروے کا منصوبہ اسی سال شروع کیا جائے گا۔

گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا کہ خطے کی صورتحال غیر معمولی ہے اور ایسے حالات میں حکومت اور ٹرانسپورٹرز نے باہمی مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں فریق ملک کے مفاد کے لیے ہر ممکن تعاون پر متفق ہیں۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ حکومت اپنے دائرہ اختیار میں آنے والے معاملات حل کرے گی اور کوشش ہے کہ تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جائیں۔