صوبے بنانا اسمبلیوں کا کام ہے،کچھ اینکرز جاہلانہ باتیں کرتے ہیں۔ سعیدغنی
تقسیم کی بات پر سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کو بیٹھنے نہیں دیں گے،میڈیاسے گفتگو
تصویر: سوشل میڈیا
سندھ کے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا ہے کہ آئی ایس پی آر کام نہیں کہ صوبے بنائے، یہ اسمبلیوں کا کام ہے، جو مرضی ہے کرلو سندھ میں صوبہ نہیں بنے گا، ہوش کے ناخن لیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سندھ میں بڑے عرصے کے بعد یکجہتی پیدا ہوئی ہے، کچھ اینکرز جاہلانہ باتیں کرتے ہیں، یہ جو بھی ٹی وی پر بیٹھ کر باتیں کر رہے ان کو سوچنا چاہئے۔ صوبے کی تقسیم کی بات پر سندھ کے لوگ پیپلز پارٹی کو بیٹھنے نہیں دیں گے، دیگر جماعتیں بھی سندھ کی تقسیم کے خلاف ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ سندھ میں لوگوں کو کیوں نفرتوں کی جانب دھکیلنا چاہتے ہیں، صوبہ بنانے کے حوالے سے پنجاب اور کے پی کی صورتحال مختلف ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سندھ میں صوبوں کے لیئے ایم کیو ایم اچھل رہی ہے، میں ایم کیو ایم کو جواب دوں گا، ایم کیو ایم کے تین چار لوگوں کی حیثیت کیا ہے، یہ ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھنا نہیں چاہتے۔ ان کو شرم آنی چاہئے نفرتیں پیدا کر رہے ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم کے ساتھ معاہدے کے مطابق کراچی کو الگ نظام دیا تھا جس پر سندھ میں دہرے بلدیاتی نظام کے خلاف احتجاج ہوا۔ پورا سندھ پی پی کے خلاف احتجاج کر رہا تھا جس پر ایم پی ایز نے لیڈرشپ کو کہا کہ یہ نظام واپس لیں، پی پی نے مجبور ہوکر دہرا نظام واپس لیا۔
سندھ کے وزیر کا مزید کہناتھاکہ جماعت اسلامی کہتی ہے کہ وہ عوام کے لیے احتجاج کرتے ہیں پھر اٹھارہ مقامات پر وہ شہر کی سڑکیں بند کرتے ہیں، عوام کو تکلیف دینے سے شہباز شریف پر کیا فرق پڑے گا۔ جماعت اسلامی کا مقصد لوگوں کو تکلیف دینا ہے، حافظ نعیم پڑھے لکھے ہیں عقل سے کام لیں۔