اسلام آباد میں مون سون کا نیا رجحان ،87 فیصد بارش رات کے اوقات میں ریکارڈ
دن میں صفائی، رات میں طغیانی: نَسٹ ویدر اسٹیشن کے مطابق یکم سے 17 اگست تک 365 ملی میٹر بارش کا 87 فیصد حصہ آدھی رات سے صبح 6 بجے کے درمیان برسا۔
فائل فوٹو
اسلام آباد میں رواں مون سون سیزن کے دوران دن کے مقابلے میں رات کے اوقات میں غیر معمولی بارش کا رجحان سامنے آیا ہے۔ یکم سے 17 اگست 2026 تک نَسٹ ویدر اسٹیشن کے اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں مجموعی طور پر 365.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ویدروالے کی مون سون ڈائری کے مطابق مجموعی بارش کا 87 فیصد حصہ رات 12 بجے سے صبح 6 بجے کے درمیان ریکارڈ ہوا،جبکہ صبح 6 بجے سے شام 6 بجے تک صرف11 فیصد اور شام کے اوقات میں تقریباً 2 فیصد بارش ہوئی
اعداد و شمار کے مطابق رات کے چھ گھنٹوں کے دوران 318 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ دن اور شام کے اوقات میں مجموعی بارش 48 ملی میٹر رہی۔
رپورٹ کے مطابق صبح 4 بجے بارش کا سب سے زیادہ دباؤ دیکھا گیا، جبکہ مون سون کے دوران شدید بارش کے بادل رات ایک بجے سے صبح 4 بجے کے درمیان زیادہ فعال رہے۔
17 اگست اسلام آباد میں بارش کے اعتبار سے سب سے زیادہ بارش والا دن رہا، جس میں 176.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور آخری ریڈنگ تک بارش کا سلسلہ جاری تھا۔ اسی روز 60 منٹ کے دوران 86.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق 6 اگست کو رات 2 بج کر 21 منٹ پر بارش کی انتہائی تیز شرح 274 ملی میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی، جسے فلیش فلڈ کی شدت کے برابر قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پوٹھوہار کے خطے میں دن کے دوران گرمی اور نمی فضا میں مون سون کی نمی جمع کرتی ہے، جبکہ رات کو زمین کے ٹھنڈا ہونے، ہوا کے کم دباؤ اور مارگلہ کے دامن میں ہواؤں کے باہمی ملاپ سے رات کے وقت گہرے بادل اور بارش کے نظام زیادہ فعال ہو سکتے ہیں۔
رپورٹ میں شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ صبح کا صاف موسم رات کے پرسکون ہونے کی ضمانت نہیں، کیونکہ رواں مون سون میں اسلام آباد میں شدید بارش کا نمایاں حصہ رات کے اوقات میں ریکارڈ کیا گیا ہے۔
کے مطابق یہ اعداد و شمار نَسٹ اے ڈبلیو ایس سے حاصل کیے گئے ہیں اور یکم سے 17 اگست 2026 تک کی بارش کی پیمائش پر مبنی ہیں۔