میڈم چپ کر جائیں ورنہ ضائع ہو جائیں گی ، مشعال یوسفزئی کی انوشے رحمٰن کو دھمکی
مشعال یوسفزئی اور مسلم لیگ (ن) کی رہنما انوشے رحمٰن کے درمیان شدید تلخ کلامی اور نوک جھونک ، ایوان کا ماحول منٹوں میں گرم ہو گیا۔
فائل فوٹو
اسلام ٓٓباد: سینیٹ کے حالیہ اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما مشعال یوسفزئی اور مسلم لیگ (ن) کی سینئر رہنما انوشے رحمٰن کے درمیان شدید تلخ کلامی اور نوک جھونک دیکھنے میں آئی، جس سے ایوان کا ماحول منٹوں میں گرم ہو گیا۔
اجلاس کے دوران جب مسلم لیگ (ن) کی سینیٹر انوشے رحمٰن نے اپنا موقف پیش کرنا شروع کیا تو پی ٹی آئی کی سینیٹر مشعال یوسفزئی شدید برہم ہو گئیں اور ان پر سخت الفاظ میں برستے ہوئے دھمکی آمیز انداز اپنایا۔ مشعال یوسفزئی نے سخت لہجے میں کہا، “میڈم آپ چپ کر جائیں! ورنہ میرے ہاتھوں ضائع ہو جائیں گی۔”
اس اچانک اور سخت جملے پر ایوان میں شور شرابہ شروع ہو گیا اور دونوں جماعتوں کے ارکانِ سینیٹ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔ مسلم لیگ (ن) کے ارکان نے اس رویے پر شدید احتجاج کرتے ہوئے ایوان کی حرمت اور پارلیمانی اقدار کی پاسداری کا مطالبہ کیا۔
چیئرمین سینیٹ نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے دونوں جانب کے ارکان کو خاموش رہنے اور ایوان کا نظم و ضبط برقرار رکھنے کی ہدایت کی، تاہم اس واقعہ کے بعد ایوان کی فضا کافی دیر تک کشیدہ رہی۔