عمران کو طبی سہولیات اور قیدی کے حقوق ملنے چاہییں، کوآرڈی نیٹر وزیراعظم

ماضی میں کلثوم نواز کی بیماری کا مذاق اڑایا گیاتھا، رانااحسان

August 19, 2026 · اہم خبریں

تصویر:سوشل میڈیا

 

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل نے کہا ہے کہ عمران خان کو طبی سہولیات اور قیدی کے حقوق ملنے چاہییں۔نجی سے  گفتگو میں انہوں نے کہاکہ اگر کسی قیدی کے بیمار ہونے کی طبی رپورٹ سامنے آتی ہے تو اسے اس کے مکمل حقوق ملنے چاہییں۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی سیاست یہ نہیں کہ کسی کی بیماری کا مذاق اڑایا جائے یا صحت کے معاملے پر سیاست کی جائے۔ ماضی میں کلثوم نواز کی بیماری کا مذاق اڑایا گیا، تاہم مسلم لیگ (ن) اس طرز سیاست کی حمایت نہیں کرتی۔

رانا احسان افضل نے کہاکہ اگر طبی رپورٹ میں عمران خان کے لیے اضطراب یا دیگر طبی مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے اور ڈاکٹر نے ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھنے کی سفارش کی ہے تو ان سفارشات پر عمل ہونا چاہیے۔رانا احسان افضل نے عمران خان کی سیاسی حکمت عملی پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہاکہ ان کے خیال میں عمران خان کا سب سے بڑا مسئلہ خود ان کی ذات اور ان کا طرز سیاست ہے۔

وزیراعظم کے کوآرڈی نیٹر نے الزام عائد کیاکہ عمران خان اپنے سیاسی حریفوں کے ساتھ بیٹھ کر کام کرنے کے لیے تیار نہیں رہے، دیگر سیاسی جماعتیں، اختلافات کے باوجود ملکی مفاد میں ایک دوسرے کے ساتھ کام کرنے کی کوشش کرتی ہیں۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے معاملے پر بھی عمران خان نے ایسے بیانیے اختیار کیے جنہیں وہ افغانستان اور طالبان کے حوالے سے خارجہ پالیسی کے مؤقف کے قریب سمجھتے ہیں۔