عمران کی اسپتال منتقلی فیصلے پر نظر ثانی درخواست اعتراض لگا کر واپس
وفاقی حکومت کی طرف سے کمشنر اسلام آباد نے دائر کی تھی
سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر چیف کمشنر اسلام آباد کی نظرِ ثانی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کر دی۔
ذرائع کے مطابق رجسٹرار آفس کی جانب سے نظرِ ثانی درخواست کے ساتھ پیپر بُکس مکمل نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ رجسٹرار کے اعتراضات دور ہونے کے بعد نظرِ ثانی کی درخواست دوبارہ دائر کی جائے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وفاقی حکومت نے بانی پی ٹی آئی کی اسپتال منتقلی کے فیصلے پر نظرِ ثانی کی درخواست دائر کی تھی۔
عدالتی فیصلے پر نظرثانی درخواست چیف کمشنر اسلام آباد نے دائر کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ جیل رولز میں قیدی کو اسپتال منتقل کرنے کا طریقہ کار واضح ہے تاہم عدالتی فیصلے میں جیل رولز کو نظر انداز کیا گیا۔ عدالت نے قانون سے ہٹ کر حکم دیا، جو کہ نمایاں قانونی خامی ہے۔