پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی

اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس ایٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

October 20, 2026 · اسپورٹس
پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی

پاکستان کے خلاف انگلینڈ کا ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ، قومی ٹیم کی پہلی وکٹ صفر پر گر گئی

راولپنڈی: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے دوسرے میچ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ قومی ٹیم کو اننگز کے آغاز میں ہی بڑا نقصان اٹھانا پڑا۔

راولپنڈی میں جاری میچ میں پاکستان کی پہلی وکٹ صفر کے مجموعی اسکور پر گر گئی۔ اوپنر فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے گس ایٹکنسن کی گیند پر جو روٹ کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔

پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیمیں پاکستانی سرزمین پر 21 سال بعد ون ڈے میچ میں آمنے سامنے آئی ہیں۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پاکستان میں آخری ون ڈے مقابلہ 21 دسمبر 2005 کو ہوا تھا، جس میں انگلینڈ نے کامیابی حاصل کی تھی، تاہم پانچ میچوں کی سیریز پاکستان نے 2-3 سے جیتی تھی۔

انگلینڈ نے 2025 کی چیمپئنز ٹرافی کے دوران پاکستان میں تین ون ڈے میچز کھیلے تھے، لیکن تینوں مقابلوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

موجودہ آئی سی سی ون ڈے رینکنگ میں انگلینڈ چوتھے جبکہ پاکستان پانچویں نمبر پر موجود ہے۔ انگلش ٹیم حال ہی میں سری لنکا کو ون ڈے سیریز میں 1-2 سے شکست دے کر پاکستان پہنچی ہے۔

دوسری جانب قومی ٹیم اپنی سرزمین پر گزشتہ تین ون ڈے سیریز میں ناقابل شکست رہی ہے، جبکہ راولپنڈی میں کھیلے گئے گزشتہ دس ون ڈے میچوں میں پاکستان کو صرف ایک مقابلے میں شکست ہوئی ہے۔