پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگئے

ایشیئن انڈور گیمز کے نئے شیڈول کے باعث تاریخیں تبدیل، نئی تاریخوں کا فیصلہ مشاورت سے ہوگا

November 25, 2026 · اسپورٹس

پاکستان میں شیڈول ساؤتھ ایشین گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگئے

اسلام آباد: پاکستان میں شیڈول 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز ایک مرتبہ پھر ملتوی ہوگئے، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن نے نئی تاریخوں کے تعین کے لیے جنوبی ایشیائی ممالک کی اولمپک کمیٹیوں سے مشاورت شروع کردی ہے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے مطابق گیمز کی نئی تاریخوں کا اعلان جنوبی ایشیائی ممالک کی اولمپک کمیٹیوں سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کے اعلامیے کے مطابق ساؤتھ ایشین گیمز کی تاریخوں میں تبدیلی ایشیئن انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز کے نئے شیڈول کے باعث کی جا رہی ہے۔

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں ایشیئن انڈور اینڈ مارشل آرٹس گیمز اب 28 مارچ سے 8 اپریل 2027 تک منعقد ہوں گے۔

پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ دونوں ایونٹس میں ایتھلیٹس کی شرکت یقینی بنانے کے لیے جنوبی ایشیائی ممالک کی اولمپک کمیٹیاں نئی تاریخوں کے تعین کے لیے مشاورت کر رہی ہیں۔ کوشش ہے کہ ساؤتھ ایشین گیمز کے انعقاد میں کم سے کم تاخیر ہو۔

اعلامیے کے مطابق تاریخوں میں تبدیلی کے باوجود گیمز کی تیاریاں بدستور جاری ہیں۔ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن، آرگنائزنگ کمیٹی اور حکومت پاکستان گیمز کے کامیاب انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں 14ویں ساؤتھ ایشین گیمز کا انعقاد پہلے بھی متعدد مرتبہ تاخیر کا شکار ہوچکا ہے۔