کراچی: بلوچ کالونی عمارت حادثہ، ملبے تلے 6 افراد کے زندہ ہونے کی اطلاع

محصور مزدوروں نے فون کرکے مدد طلب کی، آخری رابطہ سہ پہر تین بجے ہوا،ریسکیو آپریشن جاری

November 25, 2026 · قومی

کراچی: بلوچ کالونی عمارت حادثہ، ملبے تلے 6 افراد کے زندہ ہونے کی اطلاع

کراچی: شارع فیصل کے قریب بلوچ کالونی (ایڈمن سوسائٹی) میں منہدم ہونے والی 6 منزلہ زیرِ تعمیر عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کے حوالے سے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ ایک مستری نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے جاننے والے 6 افراد عمارت کے تہہ خانے میں زندہ موجود ہیں، جنہوں نے خود فون کرکے اپنی موجودگی کی اطلاع دی اور فوری مدد کی اپیل کی۔

موقع پر موجود متاثرین کے رشتہ دار مستری کے مطابق وہ ایک دوسری عمارت میں پلستر کا کام کر رہا تھا کہ اسے اپنے کزن کے ذریعے اطلاع ملی کہ ملبے تلے دبے افراد کی فون کال موصول ہوئی ہے۔ محصور افراد نے بتایا کہ وہ عمارت کے بیسمنٹ یعنی تہہ خانے میں پھنسے ہوئے ہیں۔

مستری کے مطابق عمارت گرنے کا واقعہ دوپہر سوا ایک سے ڈیڑھ بجے کے درمیان پیش آیا، جبکہ محصور افراد سے آخری مرتبہ دوپہر 3 بجے فون پر رابطہ ہوا تھا۔ اس کے بعد سے دوبارہ رابطہ نہیں ہوسکا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے وقت عمارت میں تقریباً 15 سے 20 مزدور کام کر رہے تھے۔ اب تک ملبے سے ایک شخص کی لاش نکالی جاچکی ہے، جبکہ 6 سے 10 زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

متاثرین کے رشتہ دار مستری نے بتایا کہ ملبے سے نکالے گئے زخمیوں اور جاں بحق ہونے والے شخص میں اس کے وہ 6 جاننے والے شامل نہیں ہیں، جنہوں نے فون کرکے تہہ خانے میں موجودگی کی اطلاع دی تھی۔

علاقہ مکینوں کے مطابق زیرِ تعمیر عمارت کے مرکزی پلر کے بالکل ساتھ گزشتہ 4 روز سے بورنگ کا کام جاری تھا، جس کے باعث بنیادیں کمزور ہوئیں اور عمارت زمین بوس ہوگئی۔

دوسری جانب سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کا کہنا ہے کہ عمارت کا نقشہ صرف بیسمنٹ، گراؤنڈ فلور اور ایک منزل کے لیے منظور شدہ تھا، تاہم مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر 6 منزلیں تعمیر کرلی گئی تھیں۔

ریسکیو 1122 اور دیگر فلاحی اداروں کی ٹیمیں بھاری مشینری اور کٹرز کی مدد سے ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ خاندانوں نے حکام سے اپیل کی ہے کہ ریسکیو آپریشن مزید تیز کرکے تہہ خانے میں پھنسے افراد کو بحفاظت باہر نکالا جائے۔