پاکستان اور اٹلی کا ماربل سیکٹر جدید بنانے اور برآمدات بڑھانے پر اتفاق
اطالوی وفد کی سرمایہ کاری اور ٹیکنالوجی منتقلی میں دلچسپی، جدید مائننگ اور ویلیو ایڈیشن پر بھی تبادلہ خیال
پاکستان اور اٹلی کا ماربل سیکٹر جدید بنانے اور برآمدات بڑھانے پر اتفاق
اسلام آباد: پاکستان اور اٹلی نے ماربل سیکٹر کو جدید خطوط پر استوار کرنے، پیداواری صلاحیت بڑھانے اور برآمدات کے فروغ کے لیے تعاون پر اتفاق کیا ہے۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے کامرس، صنعت و پیداوار رانا احسان افضل نے اطالوی وفد کے ساتھ اجلاس کی صدارت کی، جس میں سیکرٹری صنعت احسان علی منگی، ایڈیشنل سیکرٹری حمیرا ضیا مفتی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان اسٹون ڈیولپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس میں پاکستان کی ماربل انڈسٹری کی ترقی، جامع ماربل پالیسی کی تشکیل، جدید مائننگ تکنیک، ٹیکنالوجی کی منتقلی، ہنرمند افرادی قوت کی تیاری اور پیداواری صلاحیت و برآمدات بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
رانا احسان افض+ل نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق حکومت ماربل انڈسٹری کو جدید خطوط پر استوار کرنے اور اس کی برآمدی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے جامع اور قابل عمل ماربل پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔ جدید مشینری، مائننگ تکنیک اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کے ذریعے اس شعبے کی استعداد بڑھائی جا سکتی ہے۔
رانا احسان افضل کا کہنا تھا کہ حکومت کی ترجیح خام مال کی برآمد کے بجائے اعلیٰ معیار کی ویلیو ایڈڈ ماربل مصنوعات کی تیاری اور برآمدات کو فروغ دینا ہے، جس سے زرمبادلہ میں اضافہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
اطالوی وفد نے پاکستان کے ماربل سیکٹر میں سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور استعداد کار بڑھانے کے مواقع تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔
اجلاس میں دونوں ممالک نے جدید ٹیکنالوجی، فنی مہارت، پراسیسنگ اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔