ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے،نیشنل ڈائیلاگ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں، پرویز الٰہی
اسد قیصر سے ملاقات میں سیاسی و معاشی صورتحال پر مشاورت، عمران خان تک معالجین اور اہلخانہ کی رسائی کا مطالبہ
ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے، نیشنل ڈائیلاگ کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز مل بیٹھیں، پرویز الٰہی
لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی صدر پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ نیشنل ڈائیلاگ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز مل کر بیٹھیں، ملک کو نئے میثاق جمہوریت کی ضرورت ہے۔
نجی ٹی وی چینل کے مطابق پرویز الٰہی سے سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور دیگر ارکان نے ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی، جبکہ درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز اور اپوزیشن کے کردار کا بھی جائزہ لیا گیا۔
ملاقات کے دوران پرویز الٰہی اور اسد قیصر نے اتفاق کیا کہ نیشنل ڈائیلاگ کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھنا چاہیے۔ دونوں رہنماؤں نے اڈیالہ جیل میں قید بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار بھی کیا۔
پرویز الٰہی نے مطالبہ کیا کہ عمران خان کے ذاتی معالجین اور اہلخانہ کو فوری رسائی دی جائے، جبکہ کوٹ لکھپت جیل میں قید پارٹی کی سینئر قیادت کو علاج کی سہولتیں فی الفور فراہم کی جائیں۔
اسد قیصر نے مطالبہ کیا کہ ملک بھر کی جیلوں میں قید پی ٹی آئی کارکنوں کو رہا کیا جائے۔
پی ٹی آئی رہنماؤں نے پارٹی کی تنظیمی سرگرمیوں، قانونی محاذ پر کوششوں اور سیاسی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا، جبکہ اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئینی و قانونی دائرے میں رہ کر جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔
ملاقات کے دوران آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے دیگر رہنماؤں اور اتحادی جماعتوں سے رابطے تیز کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔