وزیراعظم کی اپوزیشن کومذاکرات کی دوبارہ پیش کش۔تحریک انصاف کا خیر مقدم

پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں۔ کابینہ سے خطاب

August 20, 2026 · اہم خبریں

فائل فوٹو

 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور انہیں دوبارہ مذاکرات کی پیش کرتے ہیں۔

وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ قومی اسمبلی اور کابینہ کے اجلاسوں میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ ہم بات چیت کے لیے تیار ہیں، اپوزیشن معاملات کو بات چیت سے حل کرے تاکہ ملکی معاشی ترقی اور جمہوریت کو تقویت دے سکیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، اب اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ کب تک مذاکرات کی میز پر آتے ہیں، ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ہی ترجیح دی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح مشکل معاشی صورتحال میں عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے، اس سلسلے میں صوبوں نے بھی ساتھ دیا۔ خطے کی صورتحال بہتر ہونے سے پاکستان کی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم نے ریٹیلرز کے ساتھ کامیاب مذاکرات کیے ہیں، جولائی میں آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ ہر شعبے کو ڈیجیٹل کیا جائے۔وزیراعظم شہباز شریف نے ایک بار پھر کہا کہ حکومت اپوزیشن سے بامقصد بات چیت کے لیے تیار ہے اور ہم نے ہمیشہ مکالمے کو ترجیح دی ہے، تاہم اب یہ اپوزیشن پر منحصر ہے کہ وہ حکومت کو کیا جواب دیتی ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی پیش کش کو اچھا قدم قرار دے دیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اچھا بات ہے کہ مذاکرات ہوں تاکہ سیاسی مسائل کا حل نکالا جا سکے۔ اسی طرح ملک کو غیر یقینی صورتحال سے نکالا جاسکتا ہے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حکومت کی طرف سے مذاکرات کی پیشکش آرہی ہے، اچھی بات ہے اگر وزیراعظم صاحب مذاکرات کے لیے اقدامات کریں۔