پاک فوج اور پولیس کے مشترکہ آپریشنز: خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں 49 دہشت گرد ہلاک

خیبر پختونخوا میں 12 دہشت گرد، بلوچستان میں "فتنہ ہندوستان" سے تعلق رکھنے والے 37 دہشت گرد مارے گئے،آئی ایس پی آر

August 21, 2026 · اہم خبریں, قومی
فوٹو آئی ایس پی آر

فوٹو آئی ایس پی آر

راولپنڈی : پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور پولیس نے ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے اور غیر ملکی سرپرستی میں چلنے والے نیٹ ورکس کی سرکوبی کے لیے انٹیلی جنس پر مبنی مشترکہ آپریشنز کے دوران 49 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر پختونخوا کے اضلاع بنوں، شمالی وزیرستان، اورکزئی اور خیبر میں فورسز نے کارروائیاں کرتے ہوئے ہند وستانی سرپرستی میں کام کرنے والے “فتنہ الخوارج” کے 12 دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا۔ آپریشنز کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے بھاری مقدار میں دھماکہ خیز مواد، آئی ای ڈی ریموٹ کنٹرولز، اسلحہ، گولہ بارود اور موٹر سائیکلیں برآمد کر کے تلف کر دی گئیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے اضلاع مستونگ، مچھ، خضدار اور پنجگور میں سیکیورٹی فورسز نے 10 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے، جن میں “فتنہ ہندوستان” سے تعلق رکھنے والے 37 دہشت گرد مارے گئے۔ اس دوران ہتھیاروں کا بڑا ذخیرہ، دھماکہ خیز مواد کے ڈرم اور ریموٹ کنٹرول ڈیوائسز برآمد کر کے تباہ کر دیے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقہ میں ممکنہ دہشت گردوں کی موجودگی کے پیش نظر کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشنز جاری ہیں۔ قومی ایکشن پلان کی فیڈرل ایپکس کمیٹی سے منظور شدہ وژن “عزمِ استحکام” کے تحت فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی عناصر کی سرپرستی میں جاری دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔