اسلام آبادمیں شیر دیکھے جانے کی اطلاع پر حفاظتی تدابیر کی ہدایات جاری

درندے کی موجودگی کے شواہد نہیں ملے، وائلڈ لائف بورڈ

August 24, 2026 · امت خاص

تصویر : سوشل میڈیا

 

اسلام آبادمیں شیرنظرآنے کی اطلاع پر حفاظتی اقدامات کی ہدایات جاری کردی گئیں۔

اتوار اور پیر کی درمیانی رات سیدپورگائوں میں ایک شیر کی موجودگی نے خوف وہراس پھیلادیا۔سی سی ٹی وی کیمرے سے حاصل ایک تصویر وائرل ہےجس میں درندہ صاف دکھائی دے رہاہے۔بتایاگیا کہ شیر نے ایک پالتو کتے پرحملہ کرکے اسے مارڈالا۔

خبرسامنے آتی ہی انتظامیہ حرکت میں آئی۔وائلڈ لائف کی ریسیکیو ٹیمیں علاقے میں پہنچ گئیں۔ ادارے نے بتایاکہ شیر موجود ہونے کے شواہد نہیں ملے۔ اور اس کے ہاتھوں ہلاک پالتو جانور کی لاش بھی برآمد نہیں ہوئی۔تاہم ، شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ مارگلہ کے جنگلاتی حصے میں جاتے ہوئے احتیاط کریں۔اکیلے ہرگزنہ جائیں۔انتظامیہ نے کہا ہے کہ اگر کسی درندے سے سامناہوجائے تو بھاگنے کی کوشش نہ کریں بلکہ آہستہ آہستہ الٹے قدموں واپس چلے جائیں۔چھوٹی جسامت کو دیکھ کرتیندوے کے حملہ کرنے کا امکان بڑھ جاتاہے۔ ایسی صورت میںبڑا دکھائی دینے کے لیے ہاتھ یا چادرہوامیں لہرائیں۔

وفاقی دارالحکومت میں ایک سال سے کم وقت کے دوران کم ازکم تین بار ایسے واقعات پیش آچکے ہیں۔مارچ میں نسٹ یونیورسٹی کے قریب ایک تیندوا چہل قدمی کرتا ہواپایاگیا تھا۔دسمبر 2025میں اسلامی یونیورسٹی کے کیمپس میں ایک تیندواموجودہونے کی تصدیق ہوئی تھی۔

2023میں ایک تیندوے نے دن دہاڑے دہشت پھیلائی تھی جب وہ ڈی ایچ اے اسلام آباد کی سڑکوں پر بھاگتاہوا ایک گھرمیں گھس گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے اسے پکڑلیا تھا۔اس واقعہ میں کئی افراد زخمی ہوئے۔