دیامر میں گلیشیئر پھٹنے سے تباہی، مصنوعی جھیل بن گئی
وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں اور زرعی اراضی زیرِ آب آ گئی۔
گلگت / نیاٹ ویلی: نیاٹ ویلی اور کرلیو گاہ کے علاقائی گلیشیئرز پھٹنے کی وجہ سے علاقے میں شدید تباہی مچ گئی ہے، جس کے نتیجے میں مصنوعی جھیل وجود میں آ گئی ہے جبکہ وسیع رقبے پر کھڑی فصلیں اور زرعی اراضی زیرِ آب آ چکی ہیں۔
ذرائع کے مطابق کرلیو گاہ میں گلیشیئر پھٹنے کے باعث کنکوئی کے قریب اراضی ندی نالوں کی زد میں آ کر ڈوب گئی۔ نالے کا بہاؤ رکنے اور پانی کا ذخیرہ بڑھنے سے بننے والی مصنوعی جھیل نے مقامی کاشتکاروں کی کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔
علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق کرلیو گاہ کے گلیشیئر میں بڑے بڑے کریکس (دراڑیں) پڑ چکی ہیں، جس کی وجہ سے مزید گلیشیئر پھٹنے کا قوی خطرہ موجود ہے۔ گلیشیئر میں کیرکس پڑنے کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی جس سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
نیاٹ ویلی کے رہائشیوں نے صورتِ حال کی سنگینی کے پیشِ نظر حکومت، ڈزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور انتظامیہ سے فوری اور اضطراری بنیادوں پر حفاظتی اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ متاثرین کا کہنا ہے کہ اگر وقت پر نوٹس نہ لیا گیا اور جھیل کا پانی بحفاظت نہ نکالا گیا تو نیچے واقع آبادیوں کو کسی بڑے جانی و مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔